خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو محمد جبار خان

خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو محمد جبار خان نے جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں بجلی کی ترسیل کے حوالے سےگزشتہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی عمران وزیر سمیت پیسکو اور پی ایچ اے کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی اور جلوزئی ہاوسنگ سکیم کے لئے گریڈ اسٹیشن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں تعمیراتی کام کا ذیادہ تر حصہ مکمل ہوچکا ہے، تقریباً دس ہزار کنال پر محیط یہ ہاوسنگ سکیم حیات آباد کے بعد صوبے کا دوسرا بڑا ہاوسنگ پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے پلاٹس مالکان کو قبضہ دینے کا عمل تاخیر کا شکار ہوا۔ تاہم اب یہ عمل دسمبر سے قبل مکمل کرلیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاوسنگ سکیم کے لئے گریڈ اسٹیشن کی تعمیر سے قبل عارضی طور پر بجلی کی سپلائی مہیا کی جائے، تاکہ اس پراجیکٹ میں گھروں کی تعمیر کا سلسلہ جلد سے جلد شروع کیا جاسکیں۔ پیسکو چیف محمد جبار خان نے گریڈ اسٹیشن کے قیام کی جلد سے جلد یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہاوسنگ بجلی کی ترسیل کے حوالے سے تمام تر مطلوبہ لوازمات ایک ماہ کے اندر پورا کریں، تاکہ عارضی سطح پر بجلی کی فراہمی شروع کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ اسٹیشن کے قیام تک ہاوسنگ اسکیم کو عارضی طور پر بجلی کی فراہمی جاری رہیگی۔ انہوں نے پیسکو حکام کو گریڈ اسٹیشن پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ملاقات میں ہاوسنگ سکیم میں بجلی کی مسلسل سپلائی اور سروسز کی بہتر فراہمی کے لئے جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں ایس ڈی او آفس، ایکسین آفس، کمپلیٹ آفس اور رہائش کے لئے جگہ دینے پر اتفاق کیا۔