محکمہ ہاوسنگ خیبرپختونخوا اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن کے درمیان معاہدہ

محکمہ ہاوسنگ خیبرپختونخوا اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن کے درمیان نشتر آباد پشاور میں ہائی رائز بلڈنگ کی تعمیر کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے مفاہمتی یادشت پر سیکرٹری ہاوسنگ خیبرپختونخوا داود خان اور ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن وسیم حیات باجوہ نے دستخط کئے۔ تقریب میں وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی، ڈی جی پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی عمران وزیر، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن کے ڈائریکٹر اسٹاف فیاض گل، اور ڈائریکٹر کوورڈینشن عدنان دیار بھی موجود تھے۔ ایم او یو کے تحت نشتر آباد پشاور میں ایک کثیر منزلہ عمارت تعمیر کی جائیگی، معاہدے کے تحت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن ہائی رائز بلڈنگ میں تکنیکی، تعمیراتی و ڈیزئنگ کی مہارت سے لیکر فلیٹس کی مارکیٹنگ تک مختلف پہلووں میں اپنی معاونت فراہم کریگی۔ وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کے مطابق ہائی رائز بلڈنگ نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت 36 کنال اراضی پر تعمیر کی جائیگی، جس کی ابتدائی چار منزلیں کمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہوگی، ایک منزل سرکاری دفاتر جبکہ باقی ماندہ منزلوں پر رہائشی فلیٹس تعمیر کئے جائینگے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اور کئی ایک منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ کے شعبہ میں شروع کئے جانے والے منصوبوں سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور کم آمدن رکھنے والے افراد کے لئے گھروں کی سہولت ممکن ہوسکے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نشتر آباد پشاور میں بننے والی ہائی رائز بلڈنگ ایک میگا پراجیکٹ ہے، جس کے تحت پشاور کی بلند ترین کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کی جائیگی، جو 20 سے زائد منزلوں پر مشتمل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ پر تقریبا 15 ارب روپے کی لاگت ائیگی۔